مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بدھ کے روز تہران میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کی تازہ دھمکیوں کے بارے میں کہا کہ شاندار ماضی اور عظیم تہذیب و تمدن کا حامل ایران، پوری دنیا میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیلی فورنیا کی فوجی چھاؤنی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ہی مشرق وسطی کی تمام مشکلات کی جڑ ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ شام میں ایران کی فوجی مشاورت بھی اس ملک کی سلامتی اور استحکام میں معاونت کے لیے ہے اور ہمیں امید ہے کہ شام کا بحران جلد از جلد حل ہو جائے گا۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ خطے کی سیکورٹی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ خطے کے بعض ممالک نہ صرف علاقائی استحکام میں مدد نہیں کر رہے بلکہ بیرونی طاقتوں سے اپنی سلامتی کی بھیک مانگتے دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے سولہ مارچ کو ویانا میں ایٹمی معاہدے کے بارے میں ہونے والے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں فریق مقابل منجملہ امریکہ کی وعدہ خلافیوں اور اس کی پیدا کردہ مشکلات کا جائزہ لیا جائے گا۔
بہرام قاسمی نے ایران کے وزیر خارجہ کے مجوزہ دورہ آذربائیجان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان خطے میں ایران کا اہم ہمسایہ ملک ہے اور ایران کے وزیر خارجہ کے دورے سے خطے میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں علاقائی ملکوں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان براہ راست مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ایران، دنیا میں امن کی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے لیکن یہ بات عملی طور پر ثابت ہو گئی ہے کہ امریکہ کی باتوں اور وعدوں پر ہرگز کوئی اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
بہرام قاسمی نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے اور گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
پیغام کا اختتام/