مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکی صدر کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کبھی بھی ایرانی قوم کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا: "امریکی صدر چند ماہ قبل ایرانی قوم کو دہشت گرد قرار دے رہے تھے، انہیں آج ایرانی عوام کی دلجوئی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔"
حسن روحانی نے حالیہ دنوں میں ایران کے بعض شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام، آئین اور قانون کی رو سے احتجاجی مظاہرے کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
انہوں نے مظاہرین سے کہا: "قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج اور تنقید کریں تاہم ملک کو نقصان پہنچانے والے حرکات سے باز رہیں۔"
حسن روحانی کا کہنا تھا: "حکام کو چاہئیے کہ پُرامن احتجاج کرنے والوں کو سہولیات فراہم کریں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ایسے حالات نہ بنائے جائیں جن سے اسلامی انقلاب کے چاہنے والوں اور عوام کی زندگی اور امن کو تشویش لاحق ہو۔"
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایرانی عوام ہمیشہ ملک، خطے اور دنیا کے حساس حالات سے اچھی طرح واقف ہیں اور ملکی اور قومی مفادات کی پاسداری کرتے ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ وہ مظاہرین جو نجی املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ملک میں انارکی پھیلا رہے ہیں اور معاشرے کے امن و سکون کو برباد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 3 دنوں سے ایران کے بعض شہروں میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے کئے جارہے ہیں تاہم کچھ شر پسند عناصر نے اس سے فائدہ اٹھا کر حالات کو خراب کرنے کی نا کام کوشش کی۔
امریکی صدر سمیت مغربی ذرائع ابلاغ نے مذکورہ احتجاجی مظاہروں کو غلط رنگ دینے کی بھر پور کوشش کرتے ہوئے مظاہرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پیغام کا اختتام/