مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایوان صدر کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر حسن روحانی نے قصرشیریں شہر کے زلزلے سے متاثرہ گاؤں فتاح بگ میں متاثرین سے ملاقات کی اور تعمیر نو کے کاموں کا قریب سے مشاہدہ کیا۔
صدر ایران نے متاثرین کی مشکلات کو غور سے سنا اور بہت سے معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت، متاثرین کی مکمل بحالی اور خاص طورپرمستقل اورپائیدارمکانات فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔
صدر ایران نے متاثرین کو نوروز اور نئے ایرانی سال کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم، زلزلہ متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے دکھ درد اور مشکلات کو پوری طرح محسوس کرتی ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے ایک بار پھراس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت متاثرین کی مکمل بحالی نیز پکّے اور پائیدار مکانات کی تعمیر کا وعدہ جلد از جلد پورا کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ بارہ نومبر دو ہزار سترہ کو مغربی ایران کے صوبے کرمانشاہ میں شدید زلزہ آیا تھا جس کے نتیجے میں ساڑھے چار سو سے زائد افراد جاں بحق اور بارہ ہزار دیگر زخمی ہو گئے تھے۔