اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

حضرت فاطمہ بنت اسد خانہ کعبہ کے اندر تین دن تک اللہ کی مہمان رہیں

حضرت علی علیہ السّلام خانہ کعبہ کے اندر 13 رجب بروز جمعہ 30 عام الفیل کوپیدا ہوئے ۔حضرت علی (ع) ہاشمی خاندان کے وہ پہلے فرزند ہیں جن کے والد اور و الدہ دونوں ہاشمی ہیں ۔ آپ کے والد ابو طالب بن عبد المطلب بن ہاشم ہیں اور ماں فاطمہ بنت اسد بن ہاشم ہیں ۔
خبر کا کوڈ: ۹۵۱
تاریخ اشاعت: 13:07 - March 31, 2018

حضرت فاطمہ بنت اسد خانہ کعبہ کے اندر تین دن تک اللہ کی مہمان رہیںمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تاریخ اسلام کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حضرت علی علیہ السّلام رجب کی تیرہ تاریخ کو شہر مکہ میں خانہ کعبہ کے اندرپیدا ہوئے ۔ آپ کے والد کا نام  ابوطالب علیہ السّلام اور والدہ کا نام فاطمہ بنت اسد سلام اللہ علیہا ہے۔

آپ کی پیدائش خانہ کعبہ کے اندر 13 رجب بروز جمعہ 30 عام الفیل کو ہوئی۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) نے حضرت علی (ع)  کا نام  اللہ کے نام پر علی رکھا ۔

حضرت ابو طالب و فاطمہ بنت اسد نے پیغمبر اسلام  (ص) سے عرض کیا کہ یا رسول اللہ (ص)ہم نے ہاتف غیبی سے یہی نام سنا تھا۔ حضرت علی (ع) کے مشہور القاب  امیر المومنین ، مرتضی، اسد اللہ، ید اللہ، نفس اللہ، حیدر، کرار، نفس رسول(ص) اور ساقی کوثر ہیں۔حضرت کی کنیت ابو الحسن و ابو تراب ہے۔حضرت علی (ع) ہاشمی خاندان کے وہ پہلے فرزند ہیں جن کے والد اور و الدہ دونوں ہاشمی ہیں ۔ آپ کے والد ابو طالب بن عبد المطلب بن ہاشم ہیں اور ماں فاطمہ بنت اسد بن ہاشم ہیں ۔  

ہاشمی خاندان قبیلہ قریش میں اور قریش تمام عربوں میں اخلاقی فضائل کے لحاظ سے مشہور و معروف تھے۔ جواںمردی ، دلیری ، شجاعت اور بہت سے فضائل بنی ھاشم سے مخصوص تھے اور یہ تمام فضائل حضرت علی (ع) کی ذات مبارک میں جمع ہوگئے تھے ۔

حضرت علی (ع) کی ولادت کا وقت جب قریب آیا تو فاطمہ بنت اسد کعبہ کے پاس تشریف لائیں اور اپنے جسم کو خانہ کعبہ کی دیوار سے مس کر کے عرض کیا: پروردگارا ! میں تجھ پر، تیرے نبیوں پر، تیری طرف سے نازل شدہ کتابوں پر اور اس مکان کی تعمیر کرنے والےاپنے جد ابراھیم (ع) کے کلام پر راسخ ایمان رکھتی ہوں۔

پروردگارا ! تجھے اس ذات کے احترام کا واسطہ جس نے اس مکان مقدس کی تعمیر کی اور اس بچہ کے حق کا واسطہ جو میرے شکم میں ہے، اس کی ولادت کو میرے لئے آسان فرما ۔

ابھی دعا کوایک لمحہ بھی نہیں گزرا تھا کہ خانہ کعبہ کی جنوب مشرقی دیوار ، عباس بن عبد المطلب اور یزید بن تعف کی نظروں کے سامنے شگافتہ ہوئی، فاطمہ بنت اسد کعبہ میں داخل ہوئیں اور دیوار دوباره مل گئی ۔ فاطمہ بنت اسد تین دن تک اللہ کے گھر میں اللہ کی مہمان رہیں اور تیرہ رجب سن 30/ عام الفیل کو حضرت علی (ع) کی ولادت ہوئی ۔ ولادت کے بعد جب فاطمہ بنت اسد نے کعبہ سے باہر آنا چاہا تو دیوار دو بارہ شگافتہ ہوئی، آپ کعبہ سے باہر تشریف لائیں اور فرمایا :میں نے غیب سے یہ پیغام سنا ہے کہ اس بچے کانام  علی  رکھنا۔

 

آمد علی (ع) کی سکہ جماتی چلی گئی// دیوار کو دریچہ بناتی چلی گئی۔

معجز نما ہے تیری ولادت بھی یا علی(ع)// کعبہ میں چار چاند لگاتی چلی گئی ۔

**

مریم سے ذرا کہدو برا آپ نہ مانیں// تب مرضی حق اور تھی اب اور ہی کچھ ہے۔

عیسی کی ولادت کا اثر اور ہی کچھ تھا // حیدر کی ولادت کا اثر اور ہی کچھ ہے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں