مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں، پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں پر نظرہے تاہم سازش کی فکر نہیں، اپنا گھر مضبوط کرنا چاہتے ہیں، عزت نفس والی قوم ہیں، برطانیہ سے آزادی اسی لیے حاصل کی، پاکستان اور امریکا کے سیکیورٹی خدشات ختم ہونا چاہئیں، امریکا سے امداد نہیں آبرومندانہ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پابندیوں کا نقصان پاکستان کے ساتھ امریکا کو بھی ہوا، تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے بدترین امریکی پابندیوں کا سامنا کیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی علاقائی خود مختاری کا احترام کیا جانا چاہیے، ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات چاہتے ہیں، تشدد ترقی کا دشمن ہے اور ہم اسے ختم کرنا چاہتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑی، ہماری حکومت ملک میں امن وامان واپس لے آئی، دہشت گرد اچھا یا برا نہیں، دہشت گرد تو دہشت گرد ہیں، دہشت گرد سب کے دشمن ہیں، عالمی برادری مل کرمقابلہ کرے، دہشت گردوں کے خلاف معلومات دیں پھر ہم کارروائی کریں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دوسروں سے جنگ کے بجائے ترقی میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں سے متعلق بیان کے بعد سخت کشیدہ ہو گئے اور پاکستان نے امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔