مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، ترک صدر رجب طیب اردوغان نے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے دوران ہونے والی گفتگو کی ریکارڈنگ سعودی عرب، امریکا، برطانیہ، جرمنی اور فرانس کو فراہم کردی ہے۔
ترک صدر اردوغان نے فرانس روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی خواہش کے پیش نظر تمام عالمی قوتوں کو ریکارڈنگ فراہم کی ہے اورسعودی عرب سے مثبت ردعمل کی توقع کرتے ہیں۔
ترک صدر نے ریکارڈنگ میں موجود گفتگو کی تفصیلات بتانے سے انکار کرتے ہوئے سعودی عرب سے صحافی کی لاش اور 18 مبینہ ملزمان کی حوالگی کے مطالبے کو دہرایا۔
واضح رہے کہ مقتول صحافی کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے تیزاب سے تحلیل کردینے کے شواہد مل جانے کے بعد ترک تفتیش کاروں نے صحافی کی لاش کی تلاش ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ صحافی کے قتل سے متعلق تحقیقات جاری رہیں گی۔
پیغام کا اختتام/