مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے اس ہفتے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی مدد کا سد باب کرنے کے بہانے ایف، اے، ٹی، ایف، کی تشکیل ایران اور دیگر ملکوں کے مالی ذرائع کی اطلاعات و معلومات حاصل کرنے کا ایک حربہ ہے- انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے خلاف مہم مغربی ملکوں کا سب سے بڑا جھوٹ ہے-
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ دہشت گردوں کو مالی مدد فراہم کرنے کا ذریعہ اور منی لانڈرنگ کا مرکز امریکا اور مغرب ہے اور یہ ممالک، صیہونی حکومت اور علاقے اور دنیا میں دہشت گردی کے حامیوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں-
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ یہ ایران تھا جس نے امریکا کے بنائے ہوئے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کی اور اس کو عراق اور شام سے نکال باہر کیا- آیت اللہ موحدی کرمانی نے مشرق وسطی کو تقسیم کرنے کے مقصد سے علاقے میں داعش کو وجود میں لانے کے تعلق سے امریکی حکام کے اعترافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور علاقے میں ان کی پٹھو حکومتیں، یمن کے مظلوم عوام کے خلاف مظالم کی سب سے بڑی ذمہ دار ہیں اور ان ہی ملکوں اور حکومتوں نے یمن کے ہزاروں بے گناہ بچوں اور خواتین کو خاک و خون میں غلطاں کیا-
تہران کے خطیب جمعہ نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف امریکی صدر کے اقدامات کے بعد غزہ کے فلسطینی ہر جمعے کو پرامن واپسی مارچ کے عنوان سے ریلی نکالتے ہیں اور اسرائیلی فوجی ان فلسطینیوں پر وحشیانہ فائرنگ کر کے انہیں شہید اور زخمی کر دیتے ہیں-
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کے باشندوں نے اب تک اسرائیلی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور فتح یقینی طور پر فلسطینی عوام کی ہو گی-
پیغام کا اختتام/