اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

افغان مہاجرین سے متعلق پاکستان کے الزامات مسترد

افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 ماہ میں افغان پناہ گزینوں کو وطن واپس لے آئیں گے تاکہ یہ تاثر ختم ہو کہ یہ مہاجرین خطے میں عدم استحکام کی وجہ ہیں۔
خبر کا کوڈ: ۳۶۸
تاریخ اشاعت: 10:36 - February 19, 2018

افغان مہاجرین سے متعلق پاکستان کے الزامات مستردمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق  صدارتی محل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ میری اولین ترجیح ہے کہ آئندہ 24 ماہ میں پاکستان میں موجود افغان پناہ گزینوں کو وطن واپس لایا جائے، ہمارے اس اقدام سے یہ تاثر ختم ہوجائے گا کہ افغان مہاجرین خطے میں امن و استحکام کے قیام میں ایک رکاوٹ ہیں۔

اشرف غنی کا کہنا تھا کہ ہم نے عزم کرلیا ہے اب پاکستان کو موقع نہیں دیں گے کہ وہ  الزامات لگائے کہ جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ مہاجرین کی وجہ سے ہے، ہم ان افراد کو بھی افغانستان واپس لائیں گے جو اپنے ملک آکر دوبارہ پاکستان گئے یا دیگر ممالک میں جانے کی کوشش کی، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ایران میں مقیم پناہ گزینوں کو بھی واپس لانے کی کوشش کی جائے گی کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ افغان مہاجرین بے گناہ اور معصوم ہیں۔

افغان صدرکا کہنا تھا کہ 28 فروری کو دارالحکومت کابل میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے طالبان کے ساتھ امن کے لئے مجوزہ منصوبہ پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ افغانستان پر سویت یونین کے قبضے کے بعد افغان شہریوں نے پاکستان اور ایران میں پناہ لی تھی اور ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں تقریباً 27 لاکھ افغان پناہ گزین مقیم ہیں جن میں 50 فیصد سے زائد افغان مہاجرین بغیر کسی اندراج کے موجود ہیں۔

پیغام کا اختتام/ 

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں