مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر صدارتی الیکشن میں کامیاب ہونے والے جو بائیڈن نے امریکہ کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ جبکہ سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سیاسی خاتمہ ہوگیا ہے اور وہ الوداعی پارٹی کے بغیر ہی وائٹ ہاؤس سے رخصت ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر دارالحکومت واشنگٹن میں ہائی الرٹ ہے جہاں 25 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ اس بار تقریب میں شرکت کے لیے صرف ایک ہزار افراد کو مدعو کیا گیا۔
تقریب میں شرکت کرنے والوں میں زیادہ تر کانگریس ارکان اور دیگر نمایاں شخصیات شامل ہیں۔جو بائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن، نائب صدر کاملا ہیرس کے شوہر ڈگلس ایمہوف، سابق صدر باراک اوبامہ ان کی اہلیہ، سابق صدر جارج ڈبلیو بش اور ان کی اہلیہ، سابق صدر بل کلنٹن اور ان کی اہلیہ نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے آغاز سے قبل گلوکارہ لیڈی گاگا نے قومی ترانہ پڑھا جس کے بعد جو بائیڈن سے چیف جسٹس جان رابرٹ نے حلف لیا اور صدارتی دستاویزات پر دستخط کے بعد خطاب کیا۔ نائب صدر کاملا ہیرس سے بھی سپریم کورٹ کی ایسوسی ایٹ جسٹس سونیا سوٹمائر نے حلف لیا۔ تقریب کے بعد جو بائیڈن اور ہیرس سبکدوش ہونے والے نائب صدر مائیک پینس اور ان کی اہلیہ کیرن پینس کو رخصت کریں گے۔