16 October 2024

پاکستان میں توڑ پھوڑ کرنے سے یورپ میں توہین رسالت ختم نہیں ہوگی

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اگر 100 سال تک بھی توڑپھوڑ کی جائے پھر بھی یورپ میں توہین رسالت ختم نہیں ہوگی۔
خبر کا کوڈ: ۴۵۱۷
تاریخ اشاعت: 13:07 - April 27, 2021

پاکستان میں توڑ پھوڑ کرنے سے یورپ میں توہین رسالت ختم نہیں ہوگیمقدس دفاع نیوز ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ  پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اگر 100 سال تک بھی توڑپھوڑ کی جائے پھر بھی یورپ میں توہین رسالت ختم نہیں ہوگی۔ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں توہین رسالت پر ایک جماعت نے حکومت کی کنپٹی پر بندوق رکھ کر کہا فرانسیسی سفیر کو واپس بھیجو، نبی کریم (ص)  کی شان میں گستاخی پر ہر مسلمان کو تکلیف ہوتی ہے، لیکن اس کو روکنے کے دو طریقے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک طریقہ ٹی ایل پی کا ہے کہ اسلام آباد پر دھاوا بول کر، مظاہرے اور توڑ پھوڑ کرکے حکومت پر سفیر کو نکالنے کے لیے دباؤ ڈالو، لیکن کیا اس سے یورپ اور فرانس میں توہین رسالت رک جائے گی، میں لکھ کر دیتا ہوں 100 سال بھی ایسا کرتے رہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ آزادی اظہار رائے کے نام پر توہین رسالت کے واقعات اور بڑھیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں بھی توہین رسالت پر تکلیف ہوتی ہے اور ہمارا مقصد ایک ہی ہے تاہم اسے ختم کرنے کے لیے میرا اور میری حکومت کا طریقہ دوسرا ہے اور میرا ہی طریقہ کامیاب ہوگا، ہم دنیا کے تمام مسلمان ممالک کے سربراہان کو اکٹھا کرکے بات چیت کررہے ہیں، حال ہی میں شاہ محمود نے 4 ممالک سے بات کی ہے جو اس پر متفق ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ہم عالم اسلام کو اکٹھا کریں گے اور مل کر ایک متفقہ لائحہ عمل لے کر یورپ سے کہیں گے کہ آزادی اظہار کے نام پر سوا ارب مسلمانوں کو تکلیف نہیں دے سکتے، جس طرح آپ یہودیوں کو تکلیف دینے کا سوچ بھی نہیں سکتے اور ہولوکاسٹ پر کوئی منفی بات نہیں کی جاسکتی، جس پر یورپی ممالک میں قید کی سزا ہے، تو کیا ہم 50 مسلمان ممالک مل کر یورپ کو سمجھا نہیں سکتے کہ آزادی اظہار رائے ضرور استعمال کریں لیکن نبی کریم (ص)  کی شان میں گستاخی نہیں کی جاسکتی اور اگر آپ نے ایسا کیا تو ہم سب آپ کا تجارتی بائیکاٹ کردیں گے، اس طریقے سے فرق پڑے گا اور ہم کامیاب ہوں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ میری حکومت اس راستےپر لگی ہوئی ہے، اپنے 5 سال پورے ہونے سے پہلے قوم کو خوش خبری دوں گا کہ ان ممالک میں ہمارا پیغام پہنچ چکا ہوگا اور پھر کبھی وہاں توہین رسالت نہیں ہوگی، اس طریقے سے ہم کامیاب ہوں گے۔

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں