مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے ڈیلی پاکستان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان روضہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر حاضری کیلئے مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے جوتے نہیں پہنے۔ مدینہ منورہ پہنچنے پر پاکستانی وزیرِ اعظم کا استقبال گورنر مدینہ امیر فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ خاتونِ اول بشریٰ بی بی ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، سینیٹر فیصل جاوید خان اور صوبائی وزیر علیم خان بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ معاونِ خصوصی برائے سیاسی مواصلات ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم عمران خان نے مدینہ کی سرزمین پر اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جوتے نہیں پہنے۔ خاتونِ اول بھی ننگے پاؤں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے شہر میں حاضر ہوئیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عمران خان بطور وزیر اعظم جتنی بار بھی مدینہ منورہ گئے ہیں ,ہمیشہ ننگے پاؤں ہی رہے ہیں۔