مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے پر دنیا بھر کے پارلیمانی سربراہان کو خط تحریر کیا ہے۔ صادق سنجرانی نے اپنے خط میں امریکہ، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے سربراہان پارلیمنٹ سے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
خط میں چیئرمین سینیٹ نے مسجد اقصیٰ میں فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوج کے تشدد پر تشویش کا اظہار کیا۔
صادق سنجرانی نے خط میں کہا کہ مسجد اقصیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس جگہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہاکہ آپ کی توجہ ماضی قریب میں مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پرحملےکی جانب دلاتا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کے اس اقدام سے تمام انسانی اقدار اور بین الاقوامی قانون کی دھجیاں بکھیردی گئی ہیں۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں اسرائیلی افواج کا نمازیوں پر حملہ انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔