مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دفتر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وموسسہ شہید عارف الحسینی شعبہ مشہد مقدس میں ایک خصوصی نشست ہوئی.
اس نشست سے مہمان خصوصی سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں پاکستان اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کے موضوع پر گفتگو میں کہاکہ انقلاب اسلامی ایران ، عالمی مستضعفین کی آواز بن کر ابھرا اور انقلاب کا نعرہ تھا لا شرقیہ لا غربیہ، انقلاب نے یہ درس کربلا سے حاصل کیا.
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی اس انقلاب کو ختم کرنے پہ تلے ہوئے ہیں اور یقینا اس دور میں انقلاب کا آگے بڑھنا معجزہ سے کم نہیں اس انقلاب کے لئے عظیم شخصیات نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
خطے میں امریکی ایجنٹ نہ صرف ایران بلکہ شام، لیبیا اور عراق کو بھی تقسیم کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر آج یہ سب اسکے شر سے بچے ہوئے ہیں تو یہ انقلاب اسلامی ایران کی الہی قیادت کی برکت کا نتیجہ ہے.
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کا محل وقوع بہت ہی اہمیت کا حامل ہے، امریکہ اور اسکے حواری پاکستان میں حالات خراب کرنے کی بھر پور کوشش کر رہےہیں اور اگر خدا نخواستہ پاکستان میں حالات خراب ہوتے ہیں تو پورے علاقہ میں اسکے برے اثرات پڑیں گے اور پاکستان کا درد رکھنے والے عناصر باہمی اتحاد کے ساتھ دشمن کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے.
سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے مزید کہا کہ اگر افغانستان میں حالات مزید خراب ہوتے ہیں تو پڑوسی ممالک پر اسکے بہت برے اثرات پڑیں گے۔