مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ کے ڈپٹی کمانڈرجنرل علی فدوی نے بقیۃ اللہ یونیورسٹی کے علم جینیٹکس کے خصوصی مرکز کے افتتاح کی تقریب میں کورونا ویکسین کی تیاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ضرورت کو پورا کرنے کے بعد کورونا ویکسین دیگر ممالک اور مظلوم اقوام کو فراہم کی جائےگی۔
جنرل فدوی نے کہا کہ ہر ادارے کی طرح سپاہ کی سرگرمیاں بھی دو طرح کی ہیں کچھ سرگرمیاں قوانین پر مشتمل ہیں اور کچھ سرگرمیاں دکھائی نہیں دیتی ہیں جو سسٹم کار وح ہوتی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ بقیۃ اللہ یونیورسٹی شہداء کے خون کی برکت سے معرض وجود میں آئی اور اس مرکز کی برکت اس وقت مزید نمایاں ہوجاتی ہے جب عام افراد اس سے بہرہ مند ہوں اور دیگر ممالک کو بھی اس سے فائدہ پہنچے۔ جنرل فدوی نے کہا کہ قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے کہ تمام زمین و آسمان انسان کے تابع اور مسخر ہیں جس کا مطلب یہ ہے علم بے انتہا اور نا محدود ہے جو انسان کے لئے خیر و برکت کا سبب بن سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جینیاتیات پر سپاہ کی خاص توجہ مرکوز ہے اور اس سلسلے میں خاطر خواہ پیشرفت بھی ہوئی ہے ۔
جنرل فدوی نے بقیۃ اللہ (عج) یونیورسٹی میں نورا ویکسین کی تیاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ضرورت کو پورا کرنے کے بعد ویکسین دیگر ممالک اور مظلوم اقوام کو فراہم کی جائےگی اور مظلوم اقوام کی حمایت کرنا سپاہ کے وظائف میں شامل ہے۔