مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے صدارتی سائٹ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ساتھ ملاقات میں سیف القدس جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اسلامی مزاحمت کی عظیم کامیابی کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں۔
صدر رئیسی نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے سیف القدس جنگ میں دوستوں کو خوشحال اور دشمنوں کو مایوس کیا۔ اسرائیل اور اس کے حامیوں کو اسلامی مزاحمت کی عظیم کامیابی کا وہم و گمان بھی نہ تھا لیکن اللہ تعالی نے اسلامی مزاحمت کو 12 روزہ جنگ اور اس سے قبل جنگوں میں فتح عطا کی۔
صدر رئیسی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینیوں کے ساتھ ہے اور رہے گا ہم اپنے فلسطینیوں بھائیوں کو بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی تک تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
اس ملاقات میں فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے صدر رئیسی کے فلسطین کی حمایت میں بیان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطین کے بارے میں ایران کے صاف و شفاف اور ٹھوس مؤقف کی قدر کرتے ہیں ۔ امریکہ کو خطے میں شکست کا سامنا ہے ، عراق اور افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا امریکہ کی خطے میں شکست کا مظہر ہے۔ حماس کے سربراہ نے کہا کہ فلسطین کی آزادی تک اسرائیل کے خلاف ہماری جد وجہد کا سلسلہ جاری رہےگا۔