مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بیت الحم کے علاقے میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک 40 سالہ فلسطینی خاتون شہید ہوگئی ہیں۔
گزشتہ روز فلسطین کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں دو نوجوان شہید ہوگئے تھے جب کہ جنین میں بھی ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا گیا تھا۔
ریاستی دہشت گردی کا یہ سلسلہ آج بھی جاری رہا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیل فوج کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک 40 سالہ فلسطینی خاتون جان کی بازی ہارگئیں۔
ادھر اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ تنبیہ کے لیے کی گئی ہوئی فائرنگ تھی جس کی زد میں خاتون آگئیں۔
واضح رہے کہ 7 اپریل کو مسلح شخص کے حملے میں 3 اسرائیلی شہریوں کی ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، اسرائیلی فوج نے حملہ آور کو موقع پر ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملہ آور کی شناخت 28 سالہ رعد ہزیم کے نام سے ہوئی ہے۔