مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے آرٹس کونسل یال میں پاسبان وطن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے منعقدہ امن کانفرنس میں شرکت کی جس میں شاہین پیس فورس کے ذمہ داران اور جوانوں کی بھی بھرپور معاونت اور شرکت تھی۔
تقریب سے خطاب میں علامہ عارف حسین واحدی نے پاسبان وطن کے چیئرمین چوہدری خورشید انور کی امن کانفرنس منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محرم کا مہینہ نواسہ رسول امام حسینؑ کی احیائے اسلام کے لئے عظیم قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔شہدائے کربلا کے انسانی اقدار کو زندہ کرنے کے آفاقی پیغام کو اجاگر کرنے کے لئے ہر طبقہ فکر حتی غیر مسلم بھی ان کی یاد مناتے ہیں۔پاکستان ہمارا پیارا وطن ہے جو ہم نے اسلام کے نام پر بڑی جدوجہد کے بعد آزاد کرایا تھا اس وطن میں ہر شخص اپنے عقیدے کے مطابق ایسے پروگرام کراتا ہے مگر افسوس ہے کہ بعض مخصوص فرقہ پرست عناصر اس ملک میں بین المذاہب اور بین المساک ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں ۔مگر اللہ کا شکر ہے کہ تمام محب وطن عوام اور علمائے کرام نے اتحاد امت کا مضبوط پیغام دے کر شرپسند عناصر کو ناکام اور ملک کی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان وسائل سے مالا مال ایٹمی طاقت اور اللہ تعالی کی نعمت ہے اس کو زوال نہیں ہے یہ بقاء کے لئے بنا ہے بعض کم عقل لوگ اس کے ٹکڑے ہونے اور ناکام ہونے کی بات کرتے ہیں شاید وہ پاکستان کی شناخت نہیں رکھتے اس ملک کو لوٹا گیا کرپشن اور دھشتگردی کی گئی سازشیں کی گئیں مگر اللہ تعالی کی مدد سے سب ناکام ہوئے پاکستان باقی ہے اور میرا عقیدہ ہے کہ جب تک ہم متحد ہیں میرے وطن عزیز کا کوئی بال بھی بیکا نہیں کر سکتا-شہید کربلا امام حسین امت میں نکتہ وحدت ہیں، ہم متحد رہ کر اسلام اور پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کریں گے دشمنوں کو ناکام کریں گے۔