مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے عالمی میڈیا سے نقل کیاہے کہ اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی نے اپنے فیصلے میں کہاہے کہ فرانس نے ایک خاتون پرحجاب پہننے پرپابندی عاید کرکے بین الاقوامی حقوق کے معاہدے کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے۔فرانس میں اس خاتون پرسرپوش اوڑھنے کی بنا پر ایک تربیتی کورس کے دوران میں اسکول میں داخلے پرپابندی عاید کردی گئی تھی۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی نے کہا کہ اس اقدام سے شہری اورسیاسی حقوق سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور فرانسیسی اسکول نے ایک طرح سے اس معاہدے کو توڑ دیا ہے۔ کمیٹی نے یہ فیصلہ 2016 میں ایک فرانسیسی شہری کی دائرکردہ شکایت پرجاری کیا ہے۔
یہ خاتون 2010 میں بالغوں کے لیے ایک پیشہ ورانہ تربیتی کورس میں شریک ہونا چاہتی تھیں۔انھوں نے اس کورس کے لیے انٹرویو اور داخلہ کاامتحان پاس کیا تھا۔ خاتون حجاب کرنے کی وجہ سے اسکول میں داخلے پرپابندی عاید کردی گئی تھی۔