مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستان کے شہر کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا، شہر بھر میں مجالس شام غریباں کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نواسے سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے خانوادے و ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مرکزی مجلس عزا نشتر پارک میں منعقد ہوئی، جس میں مصائب شہدائے کربلا علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے بیان کئے۔ بعد ازاں بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس عزا برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں پر جاری رہا۔ مرکزی جلوس عزا میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح کی زیارات برآمد کی گئیں، معروف ماتمی انجمنوں نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کی۔
جلوس عزا میں شریک ہزاروں عزاداران امام حسینؑ نے تبت سینٹر پر علامہ حافظ سید محمد حیدر نقوی کی زیر اقتداء نماز ظہرین ادا کی۔ باجماعت نماز ظہرین میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، سیاسی و مذہبی شخصیات نے بھی شرکت کی اور اتحاد بین المسلمین کا روح پرور مظاہرہ پیش کیا۔ جلوس عزا کے دوران امامیہ بلڈ ٹرانسفیوژن اینڈ میڈیکل سروسز و دیگر فلاحی اداروں کی جانب سے لگائے گئے کیمپ میں تھلیسیمیا اور دیگر بیمار افراد کیلئے عزاداروں کی جانب سے خون کے عطیات دینے کا سلسلہ جاری رہا۔ مرکزی جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں، جبکہ وسیع پیمانے پر نیاز و تبرک بھی تقسیم کی گئیں۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کے مرکزی جلوس میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت تھے، جلوس کی فضائی نگرانی کی گئی، جبکہ بلند عمارتوں سے بھی جلوس عزا کی نگرانی کی جاتی رہی۔ مرکزی جلوس عزا کی سیکیورٹی کیلئے پولیس، رینجرز دیگر سیکیورٹی اداروں سمیت اسکاؤٹس بھی موجود تھے۔ حکومتی وزراء، سیاسی و سماجی شخصیات جلوس میں شریک ہوئیں۔ نشترپارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس عزا اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔ شہر بھر میں مجالس شام غریباں کا سلسلہ جاری ہے۔