مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونی انگ نے اپنے ٹویٹر پر امریکہ میں بے گھر افراد کی ایک تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے متنازعہ دورہٴ تائیوان پر کھلی طعنہ زنی کی اور انہیں زیادہ وقت اپنے ملک کے عوام کی حالت کو بہتر بنانے میں صرف کرنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ کیا یہ وہی ڈیموکریسی ہے جس کی پلوسی دنیا بھر میں وکالت کر رہی ہیں؟ کیوں نہ اپنے لوگوں کا زیادہ خیال رکھیں اور زیادہ وقت اپنے انتخابی حلقے کی حالت بہتر بنانے میں صرف کریں؟
بے گھر افراد کی ٹویٹ کی گئی تصویر پر لکھا تھا: کیلیفورنیا کا ڈسٹرک ١۲ جس کی نمائندگی نینسی پلوسی کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ چینی وزارت خارجہ کی یہ طعنہ زنی امریکی حکام اور ان کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے اظہارات کی طرف اشارہ ہے جو تائیوان میں جمہوریت کی حمایت کے نام پروہاں کشیدگی پیدا کرنے کی توجیہ و تاویل کرتے ہیں۔
چین اور تائیوان میں کشیدگی میں تازہ ترین اضافہ اس وقت ہوا جب نینسی پلوسی نے تائیوان کا متنازعہ دورہ کیا۔ پلوسی چینی حکام کے اعتراضات اور انتباہات کے باوجود گزشتہ منگل کوتائیوان پہنچیں جسے چینی حکام نے ون چائنا کی پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیا۔ پلوسی گزشتہ ۲۵ سالوں میں تائیوان کا دورہ کرنے والی پہلی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ہیں۔
حکومت چین نے تائیوان اور امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے خلاف بعض پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے جوابی اقدام کے طور پر امریکہ کے ساتھ بعض معاملات میں باہمی گفتگو کے عمل کو روک دیا جن میں اعلی سطٰح عسکری امور کے مذاکرات اور آب و ہوا کی تبدیلی کے متعلق گفتگو شامل ہیں۔ اسی طرح چین نے امریکہ کے اس اشتعال انگیز اقدام کے جواب میں تائیوان کے اطراف سمندر میں گزشتہ جمعرات کے روز سے فوجی مشقیں شروع کردیں کہ ابھی تک جاری ہیں۔