مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ قدس فورس نے فلسطینیوں کو دفاعی قدرت اور طاقت کے لحاظ سے خود کفیل بنادیا ہے۔
میجر جنرل سلامی نے کہا کہ لبنان اور فلسطین میں قدس فورس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں اسلامی مزاحمت کو مضبوط اور خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج فلسطینی اور لبنانی محاذ پر اسرائیل کا مقابلہ پتھروں سے نہیں بلکہ طاقتور راکٹوں ، میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔
امریکہ کو خطے میں شکست اور ناکامی کا سامنا ہے، امریکہ اپنی ناکامی کے بعد خطے سے نکل رہا ہے، آح کفر کے محاذ میں اضمحلال نمایاں ہے جبکہ اسلامی مزآحمتی محاذ میں پہلے کی نسبت کہیں زیادہ استحکام پایا جاتا ہے۔ فلسطین کے بارے میں امریکہ اور اسرائیل کے تمام شوم منصوبے ناکام ہوگئے ہیں۔ قدس فورس نے فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی دفاعی طاقت اور قدرت میں اضافہ کرنے اور انھیں خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ قدس فورس نے فلسطین کے محاذ پر دفاعی طاقت کے حوالے سے فلسطینیوں کو خود کفیل بنادیا ہے جبکہ یمن میں بھی اسلامی مزاحمت کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں پر برتری حاصل ہے آج یمن کے ڈرون طیارے سعودی عرب کے اندر سعودیہ کے فوجی اور اقتصادی ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ سعودی عرب کا امریکی دفاعی سسٹم یمنی ڈرون طیاروں اور میزائلوں کے مقابلے میں بالکل ناکارہ اور فرسودہ نظر آتا ہے۔
میجر جنرل سلامی نے کہا کہ دشمن یہ تصور کرتا تھا کہ وہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرکے اپنے شوم اہداف تک پہنچ جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا بلکہ شہید سلیمانی، زندہ سلیمانی سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لئے زیادہ خطرناک ثابت ہوا۔
میجر جنرل سلامی نے اسرائیل میں رونما ہونے والے حالیہ حوادث کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اپنی کمزوری کا بخوبی پتہ چل گیا ہے ۔ اسلامی مزاحمت اسرائیل کی کسی بھی ظالمانہ اور غیر سنجیدہ حرکت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے امادہ ہے۔ دیمونا کے قریب میزائل حملہ، حیفا کی آئل ریفائنری میں آگ اور اربیل میں اسرائیل جاسوسں کا قتل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اسرائیل کا دفاعی سسٹم اس کو محفوظ نہیں رکھ سکتا ، میجر جنرل سلامی نے کہا کہ آج ایک معمولی کارروائی کے ذریعہ اسرائیل کو نابود کیا جاسکتا ہے۔
میجر جنرل سلامی نے ایران کی ڈرونز طاقت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ایران کے ڈرونز کی طاقت کو اچھی طرح سمجھتا ہے ، ایران نے آج فلسطینیوں کو دفاعی طاقت اور قدرت کے لحاظ سے خود کفیل بنا دیا ہے۔ اسلامی مزاحمت کا مستقبل تابناک ہے کیونکہ اللہ تعالی ہمارے ساتھ ہے۔