مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کو یمن کے بجائے اسرائيل پر بمباری کرنی چاہیے۔
محمد علی الحوثی نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وہ سچا مسلمان ملک ہے تو اسے فلسطینیوں کی حمایت میں یمن کے بجائے اسرائیل پر بمباری کرنی چاہیے اور ہم بھی اس کا ساتھ دیں گے۔ محمد الحوثی نے کہا کہ یمن بھی سعودی عرب پر میزائل حملوں کو روک دےگا۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی طرف سے غزہ پر چھٹے روز بھی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 139 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں جبکہ عرب ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ایران کے سوا کسی بھی اسلامی اور عرب ملک میں اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینے کی ہمت نہیں ہے۔ فلسطینیوں نے ایران کی عملی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایران کی عملی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ادھر فلسطینیوں نے عرب اور اسلامی ممالک سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی غاصب اور ناجائز حکومت کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کرکے عملی طور پر فلسطینیوں کی حمایت کریں۔ واضح رہے کہ کئی عرب اور اسلامی ممالک میں اسرائیل کے سفارتخانے موجود ہیں جن میں ترکی، اردن، مصر، امارات اور بحرین بھی شامل ہیں۔