مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر لاہور، کراچی ، پشاور اور دیگر شہروں میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی فلسطینیوں پر بربریت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔
پاکستان کی مختلف سیاسی اور مذہبی تنظیموں نے اسرائیل کے خلاف مظاہروں کا اہتمام کیا ، پاکستان کی مذہبی اور سیاسی تنظیم ایم ڈبلیو ایم اور ملی کونسل کے کارکنوں نے بھی مظاہروں میں بڑے پیمانے پر حصہ لیا۔ لاہور میں خواتین نے بھی ایک عظيم ریلی میں حصہ لیا۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی مظالم کے شکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے کراچی میں بائیک ریلی نکالی گئی، ریلی کے منتظمین نے کہا کہ احتجاج کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کی مالی مدد بھی ضروری ہے۔
فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کیخلاف بائیک ریلی کلفٹن بلاک پانچ سے شروع ہوئی اور سی ویو سے ہوتی ہوئی ڈیفنس فیز آٹھ پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے شرکاء نے کہا کہ فلسطینی عوام کے لیے ان کی ہی سرزمین قید خانہ بن چکی ہے۔ اسرائیلی حملوں کے باعث فلطسین کے عوام کھلے آسمان تلے زندگیاں گزار رہے ہیں، مظلوم عوام خوراک اور صحت کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔ درد کی اس گھڑی میں ہمیں ان کی ہر ممکن مالی مدد کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ دیگر ممالک میں بھی فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت میں ریلیوں کا اہتمام کیا گيا۔