مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی تنظیم حماس کی خارجہ پالیسی کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے جنین میں تین فلسطینی شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی شہداء کے خون کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اطلاعات کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے تین فلسطینی شہداء یوسف صلاح ، براء لحلوح اور لیث ابو سرورکے اہلخانہ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائيل کے وحشیانہ مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی شہیدوں کے خون کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، ہمارے دوش پر شہداء کے اہداف کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ذمہ داری ہے۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ مسجد الاقصی اور فلسطینی کی آزادی تک ہماری جد و جہد جاری رہے گی۔ فلسطینی شہداء نے بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ۔ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی تک اسرائیل اور اس کے حامیوں کے خلاف ہماری جد و جہد کا سلسلہ جاری رہےگا۔