مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور بربریت کو فوری طور پر متوقف کرنے کے سلسلے میں عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
محمود قریشی نے کہا کہ غزہ میں شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی مظالم رکوانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی جائیں اور غزہ میں جاری بمباری کو فی الفور روکا جائے۔
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کا قیام مسئلہ فلسطین کی وجہ سے عمل میں آیا تھا لہٰذا ضرورت کی اس گھڑی میں امت مسلمہ کو اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور ان کی حمایت کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔
خیال رہے کہ پیر کے روز سے غزہ کی محصور پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
انہوں مزید نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے اپنے دفاع سے محروم فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے رحمانہ اور بلاامتیاز استعمال، عالمی انسانی و بنیادی حقوق سمیت عالمی قوانین اور اصولوں کی سنگین اور کھلی خلاف ورزی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کے نصب العین کی حمایت اپنے قیام سے ہی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک واضح اور نمایاں اصول رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے خلاف منظم جرائم کی مذمت کے لیے الفاظ ناکافی ہیں، اسرائیلی فوج کی کارروائیوں، اس کی نوآبادیاتی پالیسیز، جاری جارحیت، محاصرے اور اجتماعی آبادی کو سزا دینے کی ظالمانہ روش کی بنا پر مقبوضہ فلسطین کی بگڑتی صورت حال ناقابل برداشت ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حالیہ اسرائیلی جارحیت کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اس سے آنکھیں چرائی جاسکتی ہیں۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے جرات اور بہادری سے اپنے جائز حقوق کا دفاع کرنے والے فلسطینی عوام اور حکومت کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔