دشمن، ملک کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو مفلوج کرنے میں ناکام رہا، جنرل عابد

حضرت خاتم الانبیاء (ص) ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے کہا کہ ملک کے منصوبوں کو روکنے کے لیے دشمن کی بمباری کے باوجود انجینئرز اور انتظامی اور آپریشنل اہلکاروں کی کوششوں کے نتیجے میں اہم منصوبے مقررہ شیڈول سے کہیں کم وقت میں مکمل کر کے ایکٹیویٹ کر دیے گئے۔
خبر کا کوڈ: 6343
تاریخ اشاعت: 17 October 2026 - 23:39 - 07January 2648

دفاع پریس کے دفاعی اور سیکیورٹی شعبے کے رپورٹر کے مطابق، حضرت خاتم الانبیاء (ص) ہیڈکوارٹر کے کمانڈر جنرل عبدالرضا عابد نے آج تہران میں ایک تعمیراتی منصوبے کی افتتاحی تقریب اور دارالحکومت کی ایک شاہراہ کو "شہید لیفٹیننٹ جنرل موسوی" کے نام سے موسوم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، مسلح افواج کے سابق چیف آف سٹاف، شہید لیفٹیننٹ جنرل سید عبدالرحیم موسوی کے مقام و مرتبے کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا: "شہید موسوی ایک ممتاز شخصیت تھے اور انہوں نے 2025ء حضرت خاتم الانبیاء (ص) ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران اس ادارے کے کارکنوں کے دن رات کی کوششوں کو سراہا تھا۔"

جنرل عابد

جنرل عابد نے مزید کہا: "شہید موسوی نے اس ملاقات میں حضرت خاتم الانبیاء (ص) ہیڈکوارٹر کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے، ملک کی تعمیر و ترقی اور امور کو آگے بڑھانے میں مذہبی، انقلابی اور وفا شعار اہلکاروں کی انتظامی صلاحیتوں پر تاکید کی تھی۔"

انہوں نے مزید کہا: "یہ ہیڈکوارٹر اپنی سرگرمیوں کے ذریعے ملک کے منصوبوں کے انتظام اور انہیں آگے بڑھانے میں نظام کی صلاحیت کی ایک تصویر پیش کرتی ہے۔ اس کے برعکس، دشمن وسیع ذرائع ابلاغ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر نظام کی کارکردگی اور ملک کی انتظامی صلاحیت کے بارے میں منفی تصویر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ناکارآمد ہونے کا تاثر دے کر ملک کی کامیابیوں پر سوال اٹھاتے ہیں۔"

حضرت خاتم الانبیاء (ص) ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے ملک میں اس ادارے کی تعمیراتی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا: "اس ادارے نے گزشتہ 38 برسوں کے دوران مختلف لیولز کے 302 چوراہے اور انٹرچینج تعمیر کیے ہیں جن میں ناہموار، ہموار اور نشیب و فراز کی حامل گزرگاہیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 1500 کلومیٹر طویل موٹرویز اور شاہراہیں تعمیر کی ہیں۔"

جنرل عابد نے کہا کہ ہیڈکوارٹر کی سرگرمیاں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں تک محدود نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریفائنریز، ریلوے، بندرگاہوں اور تیل اور گیس کی صنعت کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں پر عمل درآمد بھی اس ادارے کی سرگرمیوں میں شامل ہے۔

دشمن کے حملوں کے باوجود تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل

انہوں نے جنگی حالات میں بھی تعمیراتی سرگرمیاں جاری رہنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "دشمن کا خیال تھا کہ بنیادی ڈھانچے پر بمباری کر کے وہ ملک کو تعمیراتی منصوبوں پر عمل درآمد کے معاملے میں مفلوج کر سکتا ہے لیکن ملک کے ماہر اہلکاروں اور انجینئرز کی کوششوں نے ثابت کر دیا کہ دشمن کے یہ اندازے حقیقت سے دور ہیں۔"

حضرت خاتم الانبیاء (ص) ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے تباہ شدہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے آپریشنل اہلکاروں کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا: "ملک کے تعمیراتی منصوبوں میں جن میں کرج کا ایک بڑا پل بھی شامل ہے، حملے اور میزائل لگنے کے فوراً بعد آپریشنل اہلکاروں اور نجی شعبے نے دوبارہ کام شروع کر دیا تا کہ یہ منصوبہ کم سے کم وقت میں مکمل کیا جا سکے۔"

جنرل عابد نے بندرعباس-بلوچستان شاہراہ پر پل کی تعمیر کے ایک منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "اس منصوبے میں مشکل حالات کے باوجود آپریشنل اہلکار پل کی تعمیر کا کام معمول کے مقررہ وقت سے کہیں کم مدت میں مکمل کرنے اور گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کرنے میں کامیاب ہوئے۔"

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کو مکمل کرنے میں متوقع چھ سے آٹھ ماہ کے بجائے، صرف ۲۰ دن لگے۔ انہوں نے اس اقدام کو ملک کے انجینئرز اور آپریشنل اہلکاروں کی صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا۔

حضرت خاتم الانبیاء (ص) ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے آخر میں قومی اتحاد اور یکجہتی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: "جس طرح عوام میدانوں اور سڑکوں پر پُر جوش حاضری کے ذریعے ملک کی حمایت کرتے ہیں، اسی طرح تعمیر و ترقی کے شعبے سے وابستہ افراد کو بھی اپنی کوششیں دوگنی کر کے خدمات کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے تا کہ عوام پُر امید اور دشمن مایوس ہوں۔"

آپ کی رائے
captcha
ناظرین
تازہ ترین خبریں