مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابقایوان زیریں میں لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے 4 مسلمان ارکان پارلیمنٹ کو گزشتہ 48 گھنٹوں میں مشکوک پارسل بھیجے گئے ہیں۔ ایم پی روپا حق کو مشتبہ پارسل موصول ہوا جب کہ اس سے قبل روشن آرا علی اور ان کے ساتھی محمد یاسین کو بھی مشتبہ پارسل موصول ہوئے۔
ان ارکان کو پارسل پارلیمنٹ کے پتے پر بھیجے گئے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ روپا حق کے ایک اسٹاف ممبر نے جب مشکوک پارسل کھولا تو انہیں مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز خط موصول ہوا جو کہ ’مسلمانوں کو سزا دو‘ کی مہم کے سلسلے میں برطانیہ بھر میں مسلمانوں کو بھیجا جارہا ہے جب کہ پارسل میں ایک مضر صحت شے بھی موجود تھی جس کے بعد مذکورہ اسٹاف ممبر کو احتیاطی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
قبل ازیں پیر کے روز رکن پارلیمنٹ محمد یاسین کے دو اسٹاف ممبر کو مشکوک پارسل سے مشتبہ مائع لیک ہونے پر احتیاطاً اسپتال لایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا اظہار کرنے کے لیے ایک منظم مہم جاری ہے جس میں 3 اپریل کو ’مسلمانوں کو سزا دو‘ کے عنوان سے ایک دن منایا جارہا ہے جس میں مسلمانوں کو ہراساں یا حملے کی نوعیت کے مطابق پوائنٹس بھی دیے جائیں گے۔
پیغام کا اختتام/