16 October 2024

روس میں صدارتی اتنخابات کے لئے پولنگ

روس میں صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ ہوئی ہے جس میں صدر ولادیمیر پوتین سمیت آٹھ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
خبر کا کوڈ: ۸۳۷
تاریخ اشاعت: 22:38 - March 19, 2018

ماسکو سے ہمارے نمائندے کے مطابق روس کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں وقت میں پائے جانے والے فرق کے لحاظ سے صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ ماسکو کے وقت کے مطابق رات بارہ بجے شروع ہو گئی تھی۔
روسی الیکشن کمیشن کے مطابق ملک کے تمام شہروں میں پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع اور شام سات بجے تک جاری رہے گی۔ جبکہ ماسکو سمیت بڑے شہروں میں پولنگ کے وقت میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

ملک کے تین سو نوے پارلیمانی حلقوں میں ستانوے ہزار پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ دنیا کے ایک سو اکتالیس ملکوں میں بھی روس کے صدارتی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
روس کی چودہ کروڑ ساٹھ لاکھ کی آبادی میں دس کروڑ نوے لاکھ لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ روسی میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ تریسٹھ سے سڑسٹھ فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

صدارتی انتخابات میں صدر ولادیمیر پوتن کے علاوہ سات دیگر امیدوار بھی میدان میں ہیں جن میں پاول گرودینین، ولادیمیر ژیرونوفسکی، سرگئی بابورین، گریگوری یولنسکی، بورس تیتوف، ماکسیم سریکین اور خاتون امیدوار کسنیا سابچاک شامل ہیں۔

رائے عامہ کے تازہ ترین جائزوں کے مطابق موجودہ صدر ولادیمیر پوتین کی فتح کے امکانات پوری طرح سے روشن ہیں۔
روس میں صدارت کی مدت پہلے چار سال تھی جسے سن دو ہزار آٹھ میں بڑھا کر چھے سال کر دیا گیا تھا۔ صدر ولادیمیر پوتین اس سے پہلے بھی تین بار روس کے صدر رہ چکے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ صدر ولادیمیر پوتین چوتھی بار بھی روس کے صدر منتخب ہو جائیں گے۔ جس کے نتیجے میں روس کی عالمی اور علاقائی پالیسیوں میں تسلسل باقی رہے گا جبکہ امریکہ اور مغربی ملکوں کے ساتھ یوکرین، جزیرہ نمائے کریمیا اور شام کی صورت حال اور بہت سے دیگر معاملات پر کشکمش جاری رہنے کی توقع ہے۔

روس اور مغرب کے درمیان تعلقات میں مذکورہ معاملات پر سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور بعض معاملات پر دونوں کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث سفارت کاروں کے انخلا تک پہنچ گئی ہے۔
روس اور مغرب دونوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کے تعلقات سرد جنگ دور کی طرح اپنی نچلی ترین سطح پر آگئے ہیں۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں