مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے اے ایف پی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے صوبے لغمان میں افغان فورسز نے 50 طالبان دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ افغان فورسز اور طالبان دہشت گردوں کے درمیان حالیہ تصادم صوبے لغمان کے دارالحکومت مہترلام میں ہوا۔
حکام نے کہا کہ لڑائی کے دوران ایک موقع پر وزیر دفاع و سابق چیف آف آرمی اسٹاف یاسین ضیا خود میدان میں آگئے۔ یاسین ضیا نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 'نفری آنے کے بعد دشمن کو بھاری نقصان پہنچا'۔
وزارت دفاع نے کہا کہ رات بھر جاری رہنے والی لڑائی میں طالبان کے 50 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ انہوں نے شہر کے مضافات میں 37 سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر قبضہ کر لیا ہے۔ افغان فورسز اور طالبان کے درمیان تصادم کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا جس کے باعث سیکڑوں لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔
مہترلام پر حملہ طالبان کی طرف سے نئے علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کے بعد ہوا ہے۔
حالیہ دنوں میں شدت پسندوں نے وردک صوبے کے اضلاع نرخ اور جَلریز پر قبضہ کیا ہے۔
وردک کو دہشت گرد طویل عرصے سے دارالحکومت کابل پہنچنے کے لیے گیٹ وے کے طور پر اور خوفناک حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔