عدلیہ مظلوموں کے حقوق کی نگہبان ہے، میجر جنرل حاتمی

آرمی چیف نے اپنے پیغام میں عدلیہ کو مظلومین کے حقوق کا محافظ اور ایرانی قوم کے لیے ڈھال قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ عدلیہ، نظامِ جمہوریہ اسلامی کی عدالت پسندی کا مکمل آئینہ ہے۔
خبر کا کوڈ: 5999
تاریخ اشاعت: 23 June 2026 - 17:34 - 14September 2647

دفاع پریس کے دفاعی اور سیکیورٹی گروپ کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے عدلیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین غلام حسین محسنی اژہ‌ای کے نام ایک پیغام میں ہفتۂِ عدلیہ کی آمد پر انہیں، جج صاحبان اور عدلیہ کے تمام کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس ادارے کو ایرانی قوم کی ڈھال اور مظلومین کے حقوق کا دائمی محافظ قرار دیا۔

میجر جنرل حاتمی

پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

»إِنَّ اللَّهَ یَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ«

محترم بھائی!

حضرت حجۃ الاسلام والمسلمین محسنی اژہ‌ای

عدلیہ کے محترم سربراہ

السلام علیکم

ہفتۂ عدلیہ کی آمد اسلامی انقلاب کی عظیم، شجاع، متقی اور عدالت محور شخصیت، شہید آیت اللہ ڈاکٹر محمد بہشتی اور ان کے ہمراہ 72 مخلص ذمہ داران و ملک کے سربراہان کی مظلومانہ شہادت کی یاد تازہ کرتی ہے جن کو منافقین نے شہید کیا تھا۔ ان پاک شہداء نے اپنے خون سے اسلامی جمہوریہ ایران میں عدالت کی شمع کو مزید روشن کیا۔

اس ہفتے کو عدلیہ کے نام سے منسوب کرنا ان عظیم ہستیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس قومی اور اسلامی ادارے کی خالصانہ خدمت کی قیمت ادا کی۔ ان کے نام ہمیشہ ایرانی قوم کی تاریخ میں زندہ رہیں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ صرف ایک قانونی اور حقوقی ادارہ نہیں بلکہ زمین پر الٰہی طہارت، تقویٰ اور عدل کا مظہر، مظلومین کے حقوق کی نگہبان اور ملتِ ایران کے دفاع کی ڈھال ہے جو ظالموں کی دست درازیوں کے مقابل کھڑی ہے۔

آج جبکہ اس سرزمین کے دشمن پیچیدہ سازشوں اور منظم فتنوں کے ذریعے اس مقدس نظام کی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عدلیہ اسلامی جمہوریہ کے دیگر ستونوں کے ساتھ ایک مضبوط پہاڑ کی مانند قوانین کے سائے میں ایران اور پر وقار اسلامی انقلاب کے تحفظ کے لیے ثابت قدمی کے ساتھ کھڑی ہے۔

عدلیہ اس مقدس نظام کی عدالت پسندی کا مکمل آئینہ ہے جس کے بانی حضرت امام خمینیؒ، عدل کو اسلامی حکومت کے قیام کی پہلی شرط قرار دیتے تھے اور شہید رہبرِ انقلاب حضرت امام خامنہ‌ایؒ بھی ہمیشہ اس ادارے کی آزادی عمل اور اقتدار کے تحفظ پر زور دیتے رہے ہیں۔

اس باعظمت راستے کا تسلسل اس مقدس ادارے کے ہر ذمہ دار کے کندھوں پر ایک امانت ہے اور اس کے ساتھ وفاداری، اسلام اور ایران کی سربلندی کے لیے ایک جہاد کے مترادف ہے۔

میں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی غیرت مند اور سربلند فوج کے تمام رفقائے کار، جناب عالی، معزز جج صاحبان اور عدلیہ کے تمام شریف کارکنوں کو ہفتۂ عدلیہ کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور بارگاہِ الٰہی سے آپ سب کے لیے مزید کامیابیوں کی دعا کرتے ہیں۔

ہم امید کرتے ہیں کہ عدلیہ ماضی کی طرح ایرانی قوم کے لیے ایک مضبوط سہارا، قومی سربلندی کا باعث اور اسلامی جمہوریہ ایران کے نظامِ عدل کی ایک دائمی علامت بن کر دنیا کے سامنے جلوہ گر ہوتی رہے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر

میجر جنرل حاتمی

آپ کی رائے
captcha
ناظرین
تازہ ترین خبریں
الأکثر تعلیقاً