اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

اسلامی ملکوں کی پارلیمانوں کی فلسطین کمیٹی کا تہران اجلاس

اسلامی ملکوں کی انٹر پارلیمنٹری یونین کی فلسطین کمیٹی نے اپنے ہنگامی اجلاس کے اختتامی بیان میں بیت المقدس کی مرکزیت میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی پر زور دیا ہے۔
خبر کا کوڈ: ۱۴۲۲
تاریخ اشاعت: 23:40 - May 14, 2018

اسلامی ملکوں کی پارلیمانوں کی فلسطین کمیٹی کا تہران اجلاسمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی ملکوں کی انٹرپارلیمنٹری یونین کی فلسطین کمیٹی کا ہنگامی اجلاس پیر کو تہران میں ہوا۔ اس اجلاس کے اختتامی بیان میں امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کے واشنگٹن کے اقدام کی مذمت کی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ملکوں کی انٹرپارلیمنٹری یونین کی فلسطین کمیٹی سرزمین فلسطین سے اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے لئے فلسطینی عوام کی جد وجہد، فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی اور بیت المقدس کی مرکزیت میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ممالک کو چاہئے کہ وہ امت اسلامیہ کے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے اختلافات بھلا کر اور عالم اسلام کی طاقت و توانائی اور وسائل و ذرائع کا استعمال کرکےفلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بازیابی کی کوشش کریں۔

اسلامی ملکوں کی انٹر پارلیمنٹری یونین کی فلسطین کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  فلسطین کمیٹی کے مستقل ارکان صیہونی حکومت کے ساتھ کسی بھی طرح کے تعلقات کی برقراری کو مسترد کرتے ہوئے غاصب اسرائیل کے مقابلے میں استقامتی تحریکوں خاص طور پر فلسطینی عوام کی جد و جہد اور استقامت کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں مظلوم اور نہتے فلسطینی عوام کے قتل عام کی تحقیقات کرائے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق مجرموں اور قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔

تہران میں منعقدہ فلسطین کمیٹی نے عالمی برادری سے بھی کہا ہے کہ غزہ کا زمینی، ہوائی اور سمندری محاصرہ ختم کرنے کے لئے غاصب صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالے اور غزہ جانے والی سبھی گذرگاہوں کو کھلوانے کے لئے اپنی کوشش بروئے کارلائے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں