مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے امریکی کانگریس کی عمارت پرحملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور مواخذے کے مطالبہ سے خوف زدہ ہوکر امریکی صدر ٹرمپ نے بالآخر باضابط طور پر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نومنتخب حکومت 20 جنوری کو حلف اٹھائے گی جس کے لیے میری ساری توجہ کسی بھی رکاوٹ کے بغیر اقتدار کی منتقلی پر ہو گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کانگریس کی عمارت پر صدر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد سے مقتدر حلقوں کی جانب سے انتقال اقتدار میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش پر صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ نئے امریکی صدر بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ ٹرمپ امریکی صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے اپنے الزام پر قائم ہیں۔