مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے العربیہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سعودی عرب نے اس سال بھی حج کے لئے حجاج کی تعداد کو محدود رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے عازمین کو حج کی اجازت نہیں دی جائے گی، صرف مقامی افراد ہی حج ادا کرسکیں گے۔
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اس سال صرف 60 ہزار مقامی افراد کو حج کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دی جائے گی جب کہ صرف سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج ادا کرسکیں گے۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مقیم کورونا ویکسین لگوانے والے صحت مند اور کسی مستقل بیماری میں مبتلا نہ ہونے والے 18 سال سے 65 سال کی عمر کےعازمین کو حج کی اجازت ہوگی۔ 14 روز قبل ویکسین کا ایک ٹیکہ لگوانے والوں کو بھی حج کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی صرف دس ہزار عازمین کو حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔