مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر تاجیکستان پہنچ گئے ہیں جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دوشنبہ میں ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
وزیر خارجہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کنٹکٹ گروپ برائے افغانستان کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے اور افغان امن عمل، تیزی سے بدلتی ہوئی خطے کی صورتحال اور علاقائی تعاون کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر تاجیکستان، قرقیزستان، ازبکستان، افغانستان، روس اور چین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔