دشمن نے ایران کی دفاعی صلاحیت کا اندازہ لگانے میں غلطی کی/ طاقتور ہتھیاروں کی تیاری بلا تعطل جاری ہے، جنرل شہرام

ڈیفنس منسٹری اینڈ آرمڈ فورسز سپورٹ کے نائب وزیر نے امریکی-صیہونی مسلط کردہ جنگ میں دشمن کے غلط محاسبات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: دشمن نے ایران کی دفاعی اور فوجی صلاحیت کا درست اندازہ نہیں لگایا اور اب اسلامی ایران کے طاقتور ہتھیاروں کی تیاری بلا تعطل جاری ہے۔
خبر کا کوڈ: 6185
تاریخ اشاعت: 22 August 2026 - 11:45 - 13November 2647

دفاع پریس کے دفاعی اور سیکیورٹی گروپ کے مطابق، جنرل شاہرخ شہرام نے شیراز میں نمازِ جمعہ کے نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے، ’’دفاعی صنعت، قومی شراکت داری اور طاقتور ایران‘‘ کے نعرے کے ساتھ دفاعی صنعت کے دن کی وجہِ تسمیہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: قومی شراکت داری حقیقی معنوں میں ہماری دفاعی صنعت میں جلوہ گر ہوئی ہے۔

جنرل شاہرخ شہرام

انہوں نے مزید کہا: دشمن نے یہ گمان کیا کہ وزارتِ دفاع سے متعلق چند مقامات کو نشانہ بنا کر وہ ہماری فوجی سپلائی چین کو منقطع کر سکتا ہے اور اپنے مقصد تک پہنچ سکتا ہے لیکن وہ اس حقیقت سے غافل تھا کہ ہماری فوجی صنعت میں قومی شراکت داری موجود ہے۔

ڈیفنس منسٹری اینڈ آرمڈ فورسز سپورٹ کے نائب وزیر نے مزید کہا: متعدد فوجی صنعتیں جنہیں سب دیکھ رہے ہیں، ایران کی قومی صنعت کے اندر، بشمول نالج بیسڈ کمپنیز کے ذریعے ترقی پا چکی ہیں۔

دشمن نے ایران کی فوجی صنعتوں پر حملہ کر کے خود ہی نقصان اٹھایا

شہرام نے کہا: اس مسلط کردہ جنگ میں دشمن جتنا آگے بڑھتا گیا، اسے اتنے ہی زیادہ طاقتور، جدید اور بھاری ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑا اور اسے معلوم ہو گیا کہ ایران کی دفاعی صنعتوں پر حملہ کر کے وہ خود ہی غلط جگہ ہاتھ ڈال بیٹھا ہے۔

انہوں نے بیان کیا: ہم نے اس جنگ کے لیے ضروری پیشگی منصوبہ بندی کر رکھی تھی اور اپنی دفاعی اور فوجی سہولیات کو اہم مقامات اور گزرگاہوں سے منتقل کر دیا تھا، یہاں تک کہ دشمن ہمارے ایک بھی میزائل سِٹی کا سراغ نہیں لگا سکا۔

ایران کی دفاعی پیداوار میں بلا تعطل اضافہ ہوا

ڈیفنس منسٹری اینڈ آرمڈ فورسز سپورٹ کے نائب وزیر نے کہا: اسلامی ایران کے طاقتور ہتھیاروں کی تیاری بلا تعطل جاری ہے

شہرام نے مزید کہا: مسلط کردہ جنگ کے وقوع نے ایران کی دفاعی اور فوجی صنعتوں میں ایک خاص جذبہ پیدا کیا ہے۔ اگر اس سے پہلے پیداوار معمول کے مطابق اور یکساں انداز میں ہوتی تھی تو اب اس میں ناقابلِ یقین اور تیز رفتاری کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: آج دشمن ایران کی دفاعی طاقت سے آگاہ ہو چکا ہے اور اب وہ صرف ہذیان ہی بول سکتا ہے۔

ڈیفنس منسٹری اینڈ آرمڈ فورسز سپورٹ کے نائب وزیر نے کہا: اب امریکہ اقتصادی دھمکیوں کی بات کر رہا ہے حالانکہ اس نے 47 سال سے ہمیں پابندیوں کا نشانہ بنایا ہے اور کوئی نتیجہ حاصل نہیں کر سکا اور اب وہ خود سرگرداں ہے۔

شہرام نے عوام کی تقریباً 180 راتوں تک میدان میں موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی: یہ موجودگی دشمن کی یاوہ گوئیوں کا جواب دینے کے لیے ہمارے عزم کو مزید پختہ کرتی ہے۔

انہوں نے آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ایران کے ائیر ڈیفنس کے مجاہدین کی جزیرہ خارک کے دفاع میں ایثار پر مبنی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا: آج بھی ایرانی مجاہدین انہی آباء کی اولاد ہیں اور یہ فخر وہاں سے جنم لیتا ہے جہاں ہم خود کو امام زمانہ کے سپاہی سمجھتے ہیں۔

دنیا نے مسلط کردہ جنگ میں ایران کی طاقت کا ادراک کر لیا

ڈیفنس منسٹری اینڈ آرمڈ فورسز سپورٹ کے نائب وزیر نے مزید کہا: اسلامی ایران نے اس مسلط کردہ جنگ میں دنیا کے سامنے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا اور خطے کے ممالک نے بھی یہ سمجھ لیا کہ ہتھیاروں کی خریداری پر اربوں ڈالر خرچ

کرنا اور خود کو ’’دودھ دینے والی گائے‘‘ میں تبدیل کرنا بے نتیجہ رہا ہے اور اب وہ ایسے معاہدوں کی طرف جا رہے ہیں جن کا ان کے جغرافیائی خطے سے کوئی تعلق نہیں۔

شہرام نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا مقابلہ کرنا ناکامی سے دوچار ہونا ہے اور تاکید کی: دشمنوں کو آبنائے ہرمز میں ایران کی طاقت تسلیم کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا: دفاعی طاقت ملک کی سلامتی، ترقی اور نشوونما کی پشت پناہ ہے۔

ڈیفنس منسٹری اینڈ آرمڈ فورسز سپورٹ کے نائب وزیر نے مزید کہا: ملک کی مسلح افواج ہمیشہ قدرتی آفات کے دوران بھی عوام کی پشت پناہ رہی ہیں اور ہمارا دفاعی شعبہ صرف فوجی ساز و سامان کی فراہمی ہی میں نہیں بلکہ ملک کی سماجی بہبود میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔

شہرام نے مزید کہا: آج ایران کی دفاعی صلاحیت خود پر یقین اور بیرونی انحصار سے نجات کی علامت ہے؛ خود کفیل ہونے کی یہ جدوجہد ڈیفنس منسٹری اور مسلح افواج کے درمیان اس تعلق کی بنیاد ہے جو انقلابِ اسلامی کے شہید امام کی دور اندیش قیادت میں تشکیل پایا۔

انہوں نے کہا: ایران کی دفاعی صنعت نے آج خود کو پہلوی دورکے انحصار سے نجات دلا دی ہے اور جدید ہتھیاروں کے مقامی ڈیزائن کی ایسی صلاحیت حاصل کر لی ہے جنہیں دشمن نشانہ بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

ڈیفنس منسٹری اینڈ آرمڈ فورسز سپورٹ کے نائب وزیر نے بیان کیا: آج ملک کے دفاعی سائنس دان صرف ریورس انجینئرنگ تک محدود نہیں رہے بلکہ سسٹم انجینئرنگ کے ذریعے ایسے ہتھیاروں کی ڈیزائننگ اور تیاری کر رہے ہیں جن کی تفصیلات سے دشمن آگاہ نہیں ہے۔

شہرام نے اس دفاعی خود کفالت کو انقلابِ اسلامی اور ایرانی نوجوانوں پر اعتماد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا: اسی 40 روزہ جنگ کے دوران یونیورسٹی کے نوجوانوں نے خود رابطہ کیا اور ملک کی دفاعی صنعتوں کے ڈیزائن اور مسائل کے حل کے شعبے میں مدد کی درخواست کی اور جس وقت ہم دشمن کے میزائلوں کی زد میں تھے، ہم نے صحرا میں ان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا تا کہ ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا: دشمن نے ایران کی فوجی صنعتوں کو مفلوج کرنے کے مقصد سے ہمارے بہت سے ماہرین، مفکرین اور دفاعی سائنس دانوں کو شہید کر دیا لیکن اسلامی ایران میں باصلاحیت اور توانا نوجوان گندم کی بالیوں کی طرح اُگتے ہیں اور ملک کی دفاعی زنجیر میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔

رہبرِ شہید اور شہداء کے خون کا انتقام لیں گے

ڈیفنس منسٹری اینڈ آرمڈ فورسز سپورٹ کے نائب وزیر نے تاکید کی: جب تک رہبرِ شہید اور اس مسلط کردہ جنگ کے شہداء کے خون کا انتقام نہیں لے لیتے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور دشمن بھی جانتا ہے کہ یہ عزم ضرور پورا ہوگا۔

شہرام نے کہا: اسلامی ایران کی طاقت قائم و دائم اور پائیدار ہے اور یقیناً اپنے حتمی نتیجے تک پہنچے گی۔

آپ کی رائے
captcha
ناظرین
تازہ ترین خبریں