مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس نے عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیل کے خلاف فلسطین میں جنگی جرائم کی تفتیش کی مخالفت کردی ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس نے اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یا ہو سے پہلی بار ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اسرائیل کے وزیراعظم کو اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عالمی فوجداری عدالت کو اسرائیل کیخلاف جنگی جرائم کی تفتیش کا اختیار نہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کہا کہ اسرائیل آئی سی سی (عالمی فوجداری عدالت) کا رکن نہیں اس لیے عدالت اسرائیل کے خلاف تفتیش کا اختیار نہیں رکھتی لیکن اس کے باوجود ججز نے پراسیکیوٹر کو تفتیش کی اجازت دیدی ہے۔
اس سے قبل امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ امریکا عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تفتیش کی مخالفت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے امریکہ اور اسرائیل کے اس مؤقف کو رد کرتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ عدالت کو فلسطین پر اختیار حاصل ہے جد پر اسرائیل نے بعد میں ناجائز قبضہ کیا جسے اب تک تسلیم بھی نہیں کیا گیا ہے۔
عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اس فیصلے کے بعد پراسیکیوٹر فتوؤ بینسودا نے دو روز قبل ہی اسرائیل کے خلاف فلسطین میں جنگی جرائم کی تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ میں فوجی کارروائیاں اور مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاری جنگی جرائم کی تفتیش کے لیے ٹھوس جواز مہیا کرتی ہیں۔