مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فرانس نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں پر پابندی عائد کردی اور اس ضمن میں پولیس کو خصوصی احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ فرانسیسی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس ضمن میں فرانسیسی وزیرِ داخلہ جیرالڈ ڈرمینِن نے پولیس کو احکامات بھی جاری کرد یئے ہیں کہ ہفتے اور اتوار کو فلسطین کی حمایت میں کئی جلوس اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی جنہیں روکنا ہوگا۔ حیرت انگیز طور پر اس فیصلے سے قبل ہی بدھ کو پیرس میں مقبوضہ فلسطین اور غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ ظلم و جبر کے خلاف ایک ریلی پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔
فرانسیسی وزیر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ مظاہرے مبینہ طور پر عین اسی طرح کے باہمی تصادم کی وجہ بن سکتےہیں جو 2014ء میں رونما ہوئے تھے۔یاد رہے کہ سال 2014ء کے ماہِ رمضان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ بھر کی نصف عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں اور سیکڑوں فلسطینی شہید ہوئے تھے۔
ادھر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم سے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، یہ بات انہوں ںے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے لیے جاری کردہ بیان میں کہی۔ بیان کے مطابق ایمانوئیل میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے حماس کے راکٹ حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔