02 February 2025

پاکستان نے بھارت سے میزائل گرنےسے متعلق سوالات کے جوابات طلب کرلئے

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھارت سے پاکستانی حدود میں بھارتی میزائل گرنےسے متعلق سوالات کے جوابات طلب کرلئے ہیں۔
خبر کا کوڈ: ۵۱۸۹
تاریخ اشاعت: 17:34 - March 12, 2022

پاکستان نے بھارت سے میزائل گرنےسے متعلق سوالات کے جوابات طلب کرلئےمقدس دفاع نیوز ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے بھارت سے پاکستانی حدود میں بھارتی میزائل گرنےسے متعلق سوالات کے جوابات طلب کرلئے ہیں۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس واقعے کی سنگین نوعیت سکیورٹی پروٹوکول کے خلاف تکنیکی تحفظات کے حوالے سے کئی بنیادی سوالات کو جنم دیتی ہے، اس طرح کے سنگین معاملے کو بھارتی حکام کی جانب سے پیش کی گئی سادہ وضاحت سے حل نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان نے بھارت سے میزائل گرنے کے معاملے پر سوالات کے جوابات مانگتے ہوئے کہا کہ بھارت کو حادثاتی میزائل لانچ اور اس واقعے کے خاص حالات کو روکنے کے لیے اقدامات اور طریقہ کار کی وضاحت کرنی چاہیے۔ بھارت کو پاکستانی حدود میں گرنے والے میزائل کی قسم بھی واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو یہ بھی بتانے کی ضرورت ہے کہ حادثاتی طور پر چھوڑا گیا میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا؟ کیا میزائل خود تباہی کے طریقہ کار سے لیس تھا تو یہ حقیقت میں کیوں ناکام رہا؟ بھارت میزائل کے حادثاتی لانچنگ کے بارے میں پاکستان کو فوری طور پر مطلع کرنے میں کیوں ناکام رہا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے واقعے کا اعلان کرنے اور وضاحت طلب کیے جانے تک بھارت نے انتظار کیوں کیا؟بھارت کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ کیا واقعی میزائل کو اس کی مسلح افواج نے ہینڈل کیا تھا یا کوئی اور عناصر تھے۔ یہ واقعہ بھارت کے اسٹریٹجک ہتھیاروں سے نمٹنے میں سنگین نوعیت کی بہت سی خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت کا اندرونی عدالتی تحقیقات کا فیصلہ کافی نہیں کیونکہ میزائل پاکستانی حدود میں گرا، پاکستان اس واقعے کے بارے میں حقائق کا درست تعین کرنے کے لیے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ جوہری ماحول میں سنگین نوعیت کے اس واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں