مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ جنین میں غاصب اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی نوجوان امجد فائز کو شہید کردیا جب کہ دوسرا نوجوان شدید زخمی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مغربی کنارے میں جنین کے علاقے میں واقع پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران اسرائیلی فوج نے 2 نوجوانوں پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 17 سالہ فلسطینی نوجوان موقع پر شہید ہوگیا جب کہ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے اور عرب حکمراں خاموش تماشائي بنے ہوئے ہیں۔