صوبہ سیستان و بلوچستان میں 8 مسلح شرپسند اور دہشت گرد گروہوں کے سہولت کار گرفتار
دفاع پریس کے مطابق سپاہ پاسداران کی بری فوج کی قدس بریگیڈ کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گرفتار کیے گئے افراد نے مسلح گروہوں کو تشکیل دے رکھا تھا اور صوبے میں بدامنی پھیلانے کے ساتھ مختلف بدامنی پھیلانے والی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان کے مطابق یہ عناصر صوبے کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں سرگرم اہلکاروں اور انجینئرز کو اغوا کرنے، فوجی اور پولیس گشت اور مراکز پر حملے کرنے، مسلح ڈکیتیوں اور وسطی علاقوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
قدس بریگیڈ کے مطابق ان عناصر کی شناخت انٹیلیجنس کی مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں ہوئی جس کے بعد متعدد خصوصی آپریشنز کے دوران انہیں گرفتار کیا گیا۔
کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے شر پسندوں کے قبضے سے مختلف اقسام کا جنگی گولہ بارود اور متعدد ہتھیار بھی برآمد کرکے ضبط کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار عناصر کے اہداف میں فوجی اور پولیس مراکز اور تنصیبات کے علاوہ صوبے کی ترقی اور تعمیرِ نو اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرگرم کمپنیز اور اہلکاروں کی شناخت اور نگرانی بھی شامل تھی۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ عناصر دہشت گرد گروہوں کے ساتھ رابطے اور تعاون کے ذریعے علاقے کی اہم شخصیات اور ترقیاتی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے وابستہ انجینئرز کو اغوا کرتے تھے جس کے بعد مغوی افراد کو سرحد پار موجود دہشت گرد گروہوں کے حوالے کردیا جاتا تھا۔
