حالیہ جنگوں کے تجربات مسلح افواج کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنیں گے، ایڈمرل سیاری
اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے رابطہ کار نائب سربراہ جنرل ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے دفاع پریس کے دفاعی اور سیکیورٹی رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف خطرات سے نمٹنے کے لیے فوج کی اعلیٰ صلاحیتوں کا ذکر کیا اور کہا: ہم خطرات کو بخوبی بھانپ لیتے ہیں اور ان کی گہرائی سے اچھی طرح واقف ہیں۔

ایڈمرل سیاری نے مزید کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج پیش آنے والے خطرات کے مطابق اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے اور آج ہماری صلاحیتیں 12 روزہ مسلط کردہ جنگ کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔
فوج کے رابطہ کار نائب سربراہ نے کہا: آج ہم فوجی انفرادی طاقت اور ساز و سامان، دونوں کے اعتبار سے ایک نہایت بہتر مقام پر پہنچ چکے ہیں؛ اسی طرح ہم نے حالیہ جنگوں سے بہت سے سبق حاصل کیے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کو مزید بلندی اور ترقی سے ہمکنار کرنے کے لیے ان سے استفادہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ہم جن حربی حکمتِ عملیوں اور طریقہ کار کا استعمال کرتے ہیں، انہیں اپنی فوجی افسران کی یونیورسٹیز اور آپریشنل یونٹس میں بروئے کار لاتے ہیں؛ اسی طرح حالیہ جنگوں نے ہمیں بڑے سبق سکھائے ہیں، جنہیں عملی جامہ پہنانا ہماری تیاری میں اضافے کے لیے انتہائی مؤثر ثابت ہوگا۔
ایڈمرل سیاری نے مغربی سرحدوں کی تازہ ترین صورتحال اور اس حوالے سے دشمنوں کی جانب سے متوقع خطرات کے بارے میں بھی کہا: جہاں کہیں ایران کی عظیم قوم اور اس سرزمین کے سپاہی موجود ہوں، دشمن کی یہ مجال نہیں کہ وہاں کوئی کارروائی کرے۔
