دشمن ایران پر زمینی حملے کی صلاحیت نہیں رکھتا، عوامی حمایت کے بغیر سفارت کاری ممکن نہیں، جنرل معروفی

ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ثقافتی، سماجی اور میڈیا امور کے نائب سربراہ جنرل حسین معروفی نے کہا ہے کہ دشمن بخوبی جانتا ہے کہ وہ ایران کی مقدس سرزمین کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کر سکتا اور اگر اس نے ایسی حماقت کی تو وہ وہیں اپنا قبرستان بسا لے گا۔
خبر کا کوڈ: 6144
تاریخ اشاعت: 08 August 2026 - 08:05 - 30October 2647

دفاع پریس کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ثقافتی، سماجی اور میڈیا امور کے نائب سربراہ جنرل حسین معروفی نے جمعرات کی شب کرمان کے میدانِ کوثر میں منعقدہ ’’عوامی اقتدار‘‘ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی قوم کی 47 سالہ طاقت کے راز کی طرف اشارہ کیا۔

جنرل معروفی

جنرل معروفی نے کہا کہ آج ولایت کے محور پر ہمارا اتحاد، ہماری بنیادی ضروریات سے بھی زیادہ اہم ہے جبکہ دشمن عوام میں تفرقہ پیدا کرنے اور میدان میں ان کی موجودگی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے لہٰذا ہمیں پوری طرح چوکس رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عہد، اسلامی انقلاب کے تسلسل اور ولی فقیہ سے بیعت کے ساتھ ہے جبکہ حکام کو چاہیے کہ وہ عوام کے معاشی اور روزمرہ زندگی سے متعلق مسائل حل کر کے اس عظیم قوم کی پشت پناہی کریں۔

جنرل معروفی کے مطابق ایرانی قوم کی بصیرت گزشتہ 47 برسوں میں کامیابی کا بنیادی راز رہی ہے۔ آج دشمن زمینی قبضے کی بجائے ایرانی قوم کے ذہن اور ارادے کو فتح کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایرانی قوم اتحاد اور میدان میں مسلسل موجودگی کے ذریعے خطے اور عالمِ اسلام کی ایک بڑی طاقت بن چکی ہے۔

سپاہ کے ثقافتی، سماجی اور میڈیا امور کے نائب سربراہ نے کہا کہ ایرانی قوم کی یہ بصیرت دفاعِ مقدس، داعش کے خلاف جنگ اور گزشتہ برسوں کی مختلف سازشوں کے مقابلے میں بھی نمایاں رہی ہے۔

جنرل معروفی نے کہا کہ اسلامی انقلاب سے قبل ایرانی قوم نے امام خمینی (رح) کی قیادت میں تمام اقوام اور مذاہب کے اتحاد کے ساتھ قیام کیا اور ریفرنڈم میں 98 فیصد ووٹ حاصل کر کے اسلامی جمہوریہ کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی قومی مفادات اور اعتقادات خطرے میں پڑے، ایرانی قوم نے ہر سیاسی جماعت اور رجحان سے بالاتر ہو کر اتحاد کا مظاہرہ کیا اور دشمن کو مسترد کردیا۔

جنرل معروفی نے امام خمینی (رح) کے اس فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانے کی امتِ حجاز اور امیرالمؤمنین علیہ السلام کے زمانے کی امتِ کوفہ سے برتر ہے۔ ان کے مطابق اس قوم نے معصوم امام کی عدم موجودگی میں آٹھ سالہ دفاعِ مقدس کے محاذوں پر 188 ہزار شہداء پیش کیے اور اپنے امام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔

انہوں نے اجتماع کے شرکاء سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ نے ثابت کر دیا کہ اگر آپ جنگِ احد میں موجود ہوتے تو اس گھاٹی کو ترک نہ کرتے، اگر جنگِ صفین میں ہوتے تو امام علی علیہ السلام پر ثالثی مسلط نہ ہونے دیتے اور اگر واقعۂ عاشورا میں موجود ہوتے تو تاریخ کا رخ بدل دیتے۔

جنرل معروفی نے ایک بار پھر کہا کہ دشمن جانتا ہے کہ وہ ایران کی مقدس سرزمین کے ایک انچ پر بھی قبضہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور اگر اس نے ایسی حماقت کی تو اس کو یہیں اپنا قبرستان بسانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ جنگ کے دوران ولایت سے وابستگی اور فولادی عزم ہماری فتح کے دو بنیادی عناصر تھے۔ آج بھی یہی عزم دشمن کو شکست دے رہا ہے جبکہ دشمن کی حکمت عملی ایرانی قوم کے ارادے، شجاعت اور رجحانات کو تبدیل کرنا ہے۔

جنرل معروفی نے کہا کہ ایرانی عوام نے مختلف فتنوں اور بغاوتوں کے دوران ثابت کیا ہے کہ وہ انقلاب کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہیں۔ آج بھی حکام کو چاہیے کہ عوام کا ہاتھ تھامیں اور ان کے معاشی مسائل اور مشکلات کو دور کریں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ثقافتی، سماجی اور میڈیا امور کے نائب سربراہ نے معاشرتی اتحاد کے حوالے سے رہبرِ انقلاب کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر عوامی اجتماعات میں ایرانی عوام کی بھرپور موجودگی ملک کی ڈیٹرنس، میزائل طاقت، آبنائے ہرمز میں بحری جنگ اور بری افواج کے لیے پشت پناہی کا کردار ادا کرتی ہے۔

جنرل معروفی نے واضح کیا کہ عوامی حمایت کے بغیر سفارت کاری ممکن نہیں۔ عوام کی مضبوط موجودگی دشمن پر ایرانی قوم کا عزم مسلط کرتی ہے اور میدان میں حاصل ہونے والے نتائج کو مستحکم بناتی ہے۔

انہوں نے امامِ شہید اور دیگر شہداء کے قاتلوں کے خون کا بدلہ لینے اور انتقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم فکری اور عقیدتی جنگ کے محاذ پر موجود ہیں۔ ہمارا مقصد ظہور کی راہ کو ہموار کرنا اور خالص محمدی اسلام کا نفاذ ہے۔

جنرل معروفی نے کہا کہ ایرانی قوم ایک باشعور، باوقار اور تاریخ ساز قوم ہے اور اللہ اس قوم پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔

آپ کی رائے
captcha
ناظرین
تازہ ترین خبریں