مجاہدینِ اسلام نے دنیا کی تاریخ کی سب سے مسلح فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، میجر جنرل وحیدی
دفاع پریس کے دفاعی اور سیکیورٹی گروپ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد وحیدی نے ماہِ ربیع کی آمد کے موقع پر مجاہدینِ اسلام کے نام اپنے تحریری پیغام میں چھ ماہ کی جہادی جدوجہد کو سراہتے ہوئے تاکید کی: آپ نے اللہ تعالیٰ پر توکل اور انتہائی سخت حالات میں جنوبی جزائر اور ساحلی علاقوں کی جھلسا دینے والی گرمی اور شدید حبس، شمالی علاقوں کی آسمان سے باتیں کرتی سرحدی بلندیوں کی سخت سردی اور دشمن کی شدید فائرنگ کے دوران کامیاب جارحانہ اور دفاعی آپریشنز کے ذریعے دنیا کی تاریخ کی سب سے مسلح فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔

اس تحریری پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اسلامی ایران کے شجاع اور صاحبِ عزت مجاہدین!
غیرت مند مجاہدین، بہادر فوجی اہلکار، انتھک قانون نافذ کرنے والے اہلکار، بسیجی رضاکار، دلیر بادیہ نشین اور امام زمانہ کے گمنام سپاہیو!
قلم اور زبان آپ کی عظیم منزلت اور آپ کی درخشاں مجاہدانہ جدوجہد کی قدردانی بیان کرنے سے عاجز ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے خود مجاہدینِ اسلام کو دوسروں پر فضیلت عطا کی ہے اور قرآن میں اپنی محبت کا اس طرح اظہار فرمایا ہے:
بے شک اللہ ان لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اس کی راہ میں اس طرح صف بستہ ہو کر لڑتے ہیں گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی مضبوط دیوار ہیں۔
چھ ماہ کی بے مثال جہادی جدوجہد کے ذریعے آپ نے انسانیت کے خونخوار ترین دشمنوں کے مقابل جس شان و عظمت کا مظاہرہ کیا، اس نے دنیا کی آنکھیں خیرہ کر دی ہیں اور مستضعفین کے دلوں میں غلبہ پسند طاقتوں پر حتمی فتح کی امید زندہ کر دی ہے۔
آپ نے اللہ تعالیٰ پر توکل اور انتہائی سخت حالات میں، جنوبی جزائر اور ساحلی علاقوں کی جھلسا دینے والی گرمی اور شدید حبس، شمالی علاقوں کی آسمان سے باتیں کرتی سرحدی بلندیوں کی سردی اور دشمن کی شدید فائرنگ کے دوران کامیاب جارحانہ اور دفاعی آپریشنز کے ذریعے دنیا کی تاریخ کی سب سے مسلح فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
آپ نے اہل بیت علیہم السلام سے توسل کرتے ہوئے ایثار کے خوبصورت ترین جلوے پیش کیے، آٹھ سالہ دفاعِ مقدس کی درخشاں معرکہ آراء داستانوں کو نئی صورتوں میں دہرایا اور رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے رکاب میں ہونے والی بدر اور خیبر کی تاریخی جنگوں کی یاد تازہ کر دی۔
آپ نے حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای دامت ظلہ کی حکیمانہ قیادت میں، میدانِ جنگ کے تخلیقی انتظام اور پروردگار کی عنایت سے، دنیا بھر کے مستضعفین کے لیے قیام کے دروازے کھول دیے اور دشمن پر اپنی مرضی مسلط کر کے ثابت کر دیا کہ اسلام کو دنیا پر حاکم بنایا جا سکتا ہے۔
اس سربلند قوم پر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کی برکت سے جس نے ایک دن کے لیے بھی میدان خالی نہیں چھوڑا اور حضرت ولی عصر علیہ السلام کی دعائے خیر کے طفیل، ان شاء اللہ بہت جلد خطے کی مظلوم اور مزاحمت کرنے والی عوام، بالخصوص عزیز فلسطین اور لبنان کے درد و رنج کا خاتمہ ہوگا اور دنیا، ولایتِ عظمیٰ کے خورشید کے طلوع کے لیے پہلے سے زیادہ آمادہ ہوگی۔
اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ماہِ مبارک ربیع المولود کی آمد پر آپ کو اور ان جان نثار خاندانوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی آغوش میں ایسے شیروں کی پرورش کی اور انہیں میدان میں بھیجا۔ میں آپ کے لیے اللہ تعالیٰ کی جانب سے اعلیٰ ترین اجر کا طلب گار ہوں اور آپ سب جو بارگاہِ الٰہی کے مقرب اور حق تعالیٰ کے محبوب ہیں، سے دعائے خیر کی درخواست کرتا ہوں۔
کمانڈر انچیف، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی
